بریگیڈئر ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر یونس جاوید نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی آف بھمبر کا بطورِ وائس چانسلر چارج سنبھال لیا

بریگیڈئر ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر یونس جاوید نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی آف بھمبر کا بطورِ وائس چانسلر چارج سنبھال لیا اس سلسلے میں بھمبر میں قائم ہونے والی نئی یونیورسٹی کے حوالے سے مسٹ کے سابقہ بھمبر کیمپس جو اب بھمبر یونیورسٹی کا حصہ ہے میں اس حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا اس تقریب میں یونیورسٹی آف بھمبر کے نئے وائس چانسلر بریگیڈئر ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر یونس جاوید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ان کے ہمراہ پروفیسر ڈاکٹر خضر الحق رجسٹرار مسٹ اور پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین بھمبر محترمہ بشارت زمان اور پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار بوائز بھمبر خالد جرال بھی ہمراہ تھے، تمام شعبہ جات کے طلباء و طالبات نئے وائس چانسلر کو خوش آمدید کہنے کے لیے جمع تھے ڈاکٹر عابد حسین ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز نے نئی یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر کو خوش آمدید کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں یہ یونیورسٹی انشاء اللہ بہت جلد ایک عظیم یونیورسٹی بنے گی، محترمہ بشارت زمان اور محترم خالد جرال نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی آف بھمبر کے نئے وائس چانسلر کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا رجسٹرار مسٹ پروفیسر ڈاکٹر خضر الحق نے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اس یونیورسٹی کے قیام اور آج کے اس دن کے لیے پسِ منظر میں بہت زیادہ محنت شامل ہے انہوں نے کہا کہ مسلسل محنت کے بعد آج کا یہ دن دیکھنا نصیب ہوا اس میں جنابِ وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق اور صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی خصوصی شفقت بھی شامل حال رہی جس کی بدولت آج یہ تاریخی لمحہ میسر آیا آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی آف بھمبر کے نئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یونس جاوید نے شاندار استقبال پر فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کا شکریہ ادا کیا نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ یونیورسٹی آف بھمبر کو صفِ اول کی یونیورسٹی بنانے کے لیے پوری کوشش کروں گے انہوں نے آئندہ کچھ عرصے میں اٹھائے جانے والے ممکنہ اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا انہوں نے مزید کہا کہ یہ یونیورسٹی تعلیمی میدان میں ایک نیا باب ثابت ہو گی اور ہم اس جامعہ کو پوری کوشش کر کے بہترین جامعات میں شامل کریں گے